نئی دہلی،22؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) دنیا کے کچھ ممالک میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے درمیان ہندوستان کی حکومت ملک کی بالغ آبادی کو ویکسین کا بوسٹر ڈوز دینے پر غور کررہی ہے۔ نیوز ایجنسی رائٹرس نے پیر کو اس بارے میں قریبی ذرائع کے حوالے سے یہ جانکاری دی۔ اس کیلئے ویکسین ڈوز کی دستیابی بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ سرکار نے ابھی تک یہ طے نہیں کیا ہے کہ بوسٹر ڈوز مفت ہوگی یا نہیں۔
کورونا ویکسین کے بوسٹر ڈوز پر سرکار، یہ غور ایسے وقت میں کررہی ہے جب عالمی سطح پر کورونا وائرس انفیکشن کے معاملات لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ چین اور یورپ سمیت جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک اس میں شامل ہیں۔ ہندوستان میں ابھی تک کورونا ویکسین کے بوسٹر ڈوز کیلئے صرف فرنٹ لائن ورکر اور 60سال سے زیادہ عمر والے شہری ہی اہل ہیں۔
وہیں سرکار نے 12سے 14سال کی عمر والے بچوں کی ویکسی نیشن کو منظوری دے دی ہے۔ سرکار نے یہ فیصلہ کئی ریاستوں میں اسکول کھل جانے کے کچھ ہفتہ بعد کیا ہے۔ ہندوستان میں پیر کو کورونا کے 1540کیس درج کئے گئے ہیں۔ وہیں دنیا کے کچھ ممالک میں کورونا کے معاملات میں تیزی سے اچھال آیا ہے۔
اس کے علاوہ ہندوستان میں اب تک کورونا ویکسین کی 180.80کروڑ ڈوز تقسیم کی جاچکی ہیں۔ وہیں ویکسین کی تقریباً 2.17 کروڑ ڈوز اس کیلئے اہل آبادی کو لگا دی گئی ہیں۔ وہیں امریکہ اور یورپ میں شہریوں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز دینے کی تیاری چل رہی ہے۔
بتادیں کہ کورونا وائرس کے اومیکران ویری ئنٹ کے سب ویری ئنٹ بی اے ٹو کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک میں کورونا انفیکشن کے معاملات بڑھے ہیں۔ ہیلتھ ایکسپرٹس نے اس سب ویری ئنٹ کو زیادہ متعدی بتایا ہے۔ حالانکہ یہ زیادہ سنگین نہیں بتایا جارہا ہے۔